خیبر پختونخواہ کے عوام فیصلہ کریں کہ ترقی چاہیے یا پھر یو ٹرن خان کی سیاست ؛   وزیراعظم محمدشہبازشریف کا مانسہرہ میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب

31

مانسہرہ،29مئی  (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے اتوار کو یہاں  مختلف ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کرنے کے موقع پرمنعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ  خیبر پختونخواہ کے عوام فیصلہ کریں کہ ترقی چاہیے یا پھر یو ٹرن خان کی سیاست۔وزیراعظم نے کہاکہ اللہ تعالی نے موقع دیا تووہ پشاورکولاہوراورپورے خیبرپختونخوا کو پنجاب کی طرح ترقی کی راہ پرگامزن کریں گے لیکن اس کیلئے خیبرپختونخوا کے عوام کوفیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا وہ ایک اناپرست، دن رات جھوٹ بولنے والے، غربت اوربے روزگاری میں اضافہ کرنے والے  اورفتنہ وتخریب کرنے والے عمران خان  یاملک اورقوم کوترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے والے محمد  نوازشریف کا انتخاب کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان نے ایک کروڑنوکریوں کاوعدہ کیا لیکن کسی کو ایک نوکری نہیں ملی ، ان  کے دورمیں 30 لاکھ سے زیادہ لوگ بے روزگارہوگئے، عوام سے 50 لاکھ گھروں کاوعدہ کیاگیاتھا لیکن ان کے دورمیں ملک میں ایک اینٹ بھی نہیں لگی، میں آپ سے وعدہ کرتاہوں کہ پاکستان کوخوشحال اورترقی یافتہ ملک بنائوں گا۔