مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ہائر ایجوکیشن اور ریسرچ پر توجہ دی ہے؛ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن

9

لاہور ، یکم  جون (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا  ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ہائر ایجوکیشن اور ریسرچ پر توجہ دی ہے ، مسلم لیگ نے سابق دور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں غیر معمولی اضافہ کیا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے 3 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے بدھ کو یہاں  ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وائس چانسلرز میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر، وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر مختار شامل تھے ۔وائس چانسلرز نے گورنر پنجاب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے دوران کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ٹیلی میڈیسن سینٹرز سے ہزاروں لوگ مستفید ہوئے۔انہوں   نے کہا کہ یونیورسٹیاں ریسرچ کے شعبے میں بالخصوص ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے تحقیق پہ خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے وائس چانسلرز سے ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ پرجامعات میں کی گئی تحقیق کی روشنی میں اس مسئلے کے حوالے سے تجاویز طلب کیں۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ  مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ہائر ایجوکیشن اور ریسرچ پر توجہ دی۔مسلم لیگ ن کے سابق دور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ طلبہ کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر بھی توجہ دیں۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر خالد مسعود گوندل نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ کورونا وباء کے دوران کنگ ایڈورڈ میں100 سے  زیادہ ریسرچ پیپرز لکھے گئے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق پاکستان ان 5 ممالک میں ہے جنہوں نے کورونا کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنائی۔

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی کی کیو ایس ورلڈ رینکنگ میں بتدریج بہتری ا رہی ہے۔وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی میں طلبہ کو ٹیکنیکل کورسز کرائے جا رہے ہیں۔ ٹیکنیکل تعلیم کی وجہ سے یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ کو ملازمت کے لیے کھپت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی پروفیسر بلقیس شبیر اور پروفیسر سائرہ افضل بھی اس موقع پر موجود تھیں۔