ملتان، 05 جون (اے پی پی): عازمین حج کے تربیتی پروگرام مکمل ہونے کے بعد حج آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے،حاجی کیمپ ملتان کے زیر اہتمام عازمین حج کی ویکسینیشن اور آن لائن بائیو میٹرک جاری ہے ، ملتان سے 219 عازمین حج کی پہلی پرواز 6 جون کو روانہ ہوگی۔
ملتان حاجی کیمپ میں عازمین حج کی سہولت کے لئے مارکی لگائی گئی ہے جس میں مرد و عورتوں کے لئے علیحدہ ویکسینیشن کاؤنٹر، تمام بینکوں کا عملہ، ایئرلائنز کا عملہ اور کورونا ٹیسٹ کرنے کے لئے سعودی گورنمنٹ سے منظور شدہ 6 لیبارٹریز کی موجودگی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
عازمین حج کو حاجی کیمپ آمد پر سکاؤٹس بوائز کی طرف سے خوش آمدید کہا جاتا ہے اور ان کی سہولت کے لئے منرل واٹر، چائے اور مختلف قسم کے مشروبات کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔