پاک ویسٹ انڈیز ون ڈے کرکٹ سیریز کے لئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی چمک دمک بحال، ورکرز کی 5روز سے جاری محنت رنگ لے آئی

8

ملتان ، 07جون2022(اے پی پی):پاک ویسٹ انڈیز ون ڈے کرکٹ سیریز کے لئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی چمک دمک بحال کردی گئی ہے۔ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کی 5روز سے جاری محنت رنگ لے آئی ہے۔تمام انکلوژرز کی رنگ برنگی نشستوں کی جھاڑ پونچھ اور واشنگ سے اسٹیڈیم کے حسن میں اضافہ ہو گیا ہے اور اسٹیڈیم کی حدود میں واقع پارکنگ ایریا اور لان بھی نکھر گئے ہیں۔نواں شہر چوک سے اسٹیڈیم جانیوالے تمام روٹ پر صفائی کام مسلسل جاری ہے۔ کرکٹ میچ کے دوران بھی ہر پولین میں ایم ڈبلیو ایم سی کے ورکرز اور سپروائزر صفائی کے لئے موجود رہیں گے۔

کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے اسٹیڈیم کے اندر کام کرنیوالے کمپنی ورکرز کو یونیفارم پہنے کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ ملتان میں جاری کرکٹ سرگرمیاں پوری دنیا میں میڈیا کے ذریعے دکھائی جائیں گی۔انہوں نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم سی غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے موقع پر سر زمین اولیاء کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئے کوشاں ہے۔