ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی بجٹ میں 67 فیصد اضافہ ہوا ہے ؛ وفاقی وزیر احسن اقبال

20

اسلا م آباد، 09 جون  (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے  منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے   جمعرات کو  یہاں  مالی سال22-2021 ءکی اقتصادی جائزہ رپورٹ کے اجراءکی تقریب سے خطاب میں  کہا ہے کہ  اقتصادی ‏‏سروے22 -2021ءکی بڑی ہٹ ڈویلپمنٹ کے شعبے نے دی ہے ، پاکستان کے مستقبل کا انحصار مضبوط دفاع کے ساتھ مضبوط معیشت پر بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ  وژن 2025 ءکی بنیاد تمام شعبوں میں متوازن شرح نمو کے ساتھ پاکستان کو جدید معیشت بنانا تھی۔

وفاقی وزیر احسن   اقبال  نے کہا کہ ‏ حکومت پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کر کے  عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی تھی، سال 2022ءپاکستان کیلئے اہم ترین ہے،‏معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں صرف پاکستانی بن کر سوچنا ہوگا، ملک تخریبی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

احسن  اقبال  نے کہا کہ  ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی بجٹ میں 67 فیصد اضافہ ہوا  ہے  ۔انہوں نے کہا کہ ‏سی پیک کے تمام منصوبوں کو فنڈز فراہم اورتمام کو  فاسٹ ٹریک کریں گے۔ ‏توانائی،پانی اور فوڈ سکیورٹی کیلئے بھی ترقیاتی بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص اور فاسٹ ٹریک کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں کیلئےوزیراعظم کی جانب سے 40 ارب روپے کی خصوصی ونڈو کی منظوری دی   گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ22 -2021ءمیں نوجوانوں کیلئےخصوصی فنڈز مختص کیے  گئے  ہیں  ، جس میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے خصوصی حصہ ہے ،ہم سب کو مل کر پاکستان کی دوبارہ درست سمت متعین کرنی ہے۔