رینالہ خورد،9جون(اےپی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں تمام انتظامی محکمے سرکاری ادارے اور تاجروں کی اولین ترجیح عام لوگوں کو ریلیف پہنچانا ہونا چاہیے، صارفین کو مہنگائی سے بچانے کے لئے انتظامی طور پر کئے گئے فیصلے ہم سب کے مفاد میں ہیں ۔ ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کے مرتکب افراد کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہیں ، تاجرتنظیموں کا اشیاء ضروریہ کی فراہمی اور مقررہ نرخوں پر فروخت میں تعاون لائق تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی زاہد پرویز وڑاءچ نے ضلع میں آٹے ،چینی ،گھی سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کے سٹاک ،دوسرے اضلاع میں فراہمی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات ،پرائس مجسٹریٹس کی کا ر کردگی ،ڈی سی کاوَنٹر ز اور آٹے پر سبسڈی سے متعلق بریفنگ دی۔
کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا کہ ضلع میں اشیاء ضروریہ کی رسدورسائل ،سٹا ک اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھیں اور صارفین کو سہولت کو اولین ترجیح دی جائے ۔
اس موقع پر تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ صدر مرکزی انجمن تاجران شیخ ریاض انور نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر انجمن تاجران کی طرف سے غریب لوگوں کو آٹے پر مزید 50 روپے سبسڈی دینے کے لئے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
شیخ ریاض انور نے کہا کہ پنجاب حکومت آٹے کے تھیلے پر جو سبسڈی دے رہی ہے، انجمن تاجران اوکاڑہ اس قیمت سے 50 روپے فی تھیلا سبسڈی دے گی۔ اس طرح چیئرمین کریانہ ایسو سی ایشن شیخ خرم نے بھی غریب لوگوں کو سبسڈی دینے کے لئے کریا نہ ایسوسی ایشن کی طرف سے 1 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔