بلوچستان میں مسائل سے دوچار منصوبوں کو فوری بنیادوں پر حل کیاجائےگا ،سردار ایاز صادق

5

وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے بلوچستان منصوبوں کے جائزے کے لئے غیر ملکی فنڈ سے چلنے والے منصوبوں سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی – ایف ایف پی) کے دوسرے فالو اپ اجلاس کی صدارت کی۔وفاقی وزیر نے کمیٹی کو اجلاس کے پس منظر اور مقصد سے آگاہ کیا وفاقی وزیر نے اس کے مسائل اور معتدل اطمینان بخش منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

سردار ایاز صادق وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ ای اے ڈی معیشت کے مختلف شعبوں کے 34.8 ارب ڈالر کے غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں کے جاری پورٹ فولیو کا انتظام کر رہا ہے، کل پورٹ فولیو میں سے 13.5 ارب ڈالر (39 فیصد) کو پریشان کن سمجھا جاتا ہے،بلوچستان منصوبوں کا حصہ 1.1 ارب ڈالر ہے جس میں سے 0.848 ارب ڈالر کو مسائل کا شکار قرار دیا گیا ہے۔

  انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسائل سے دوچار منصوبوں کو فوری بنیادوں پر حل کیاجائےگا، خاص طور پر ان منصوبوں کو جن کو دائمی تاخیر کا سامنا ہے تاکہ تقسیم اور ترقی کو تیز کیا جاسکے، بہتر نگرانی کے لئے متعلقہ وزارتوں اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے ٹائم لائن کے ساتھ عملدرآمدی طریقہ طے کرنے اور وقت کی زیادہ لاگت کو روکنے کو یقینی بنایا جائے، عمل درآمد کرنے والے اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ متعلقہ وزارتوں کی جانب سے بلوچستان پروجیکٹس کے معاملات کی مناسب نگرانی اور فوری حل کے لئے باقاعدہ فالو اپ ہفتہ وار اجلاس کو یقینی بنایا جائے گا۔