پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تمام شعبوں میں انتہائی قریبی تعاون ہے ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

9

اسلام آباد۔15جون  (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان نے ہمیشہ تمام شعبوں میں انتہائی قریبی تعاون کا مظاہرہ کیا ہے، تجارتی اور اقتصادی شراکت داری پاکستان کی اولین ترجیح ہے،   دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے، توانائی، دفاع، زراعت اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان اور آذربائیجان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کی تقریبات اورتصویری نمائش کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں خطاب   کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نےکہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 30 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنگ میل دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، پاکستان اور آذربائیجان نے ہمیشہ تمام شعبوں میں انتہائی قریبی تعاون کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متواتر اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفود کے تبادلے ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں اقوام اس شراکت داری کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمینیا کے ساتھ تنازعہ میں پاکستانی حکومت اور عوام اپنے آذربائیجان کے بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاع اور دیگر شعبوں میں بھی آذربائیجان کی اپنی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ صدر الہام علییوف کی امن اور باہمی ترقی کو آگے بڑھانے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اور اقتصادی شراکت داری پاکستان کی اولین ترجیح ہے،   دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے، توانائی، دفاع، زراعت اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، باہمی تعاون کے ذریعے کاروبار اور سیاحت میں آسانی کے لئے بھی کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہماری کوششیں آنے والے سالوں کے لئے ایک مضبوط شراکت داری قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ سفیر آذربائیجان نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان تعلقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا ۔