فیصل آباد میں ووٹوں کے اندراج ومنتقلی، اخراج اور تصحیح کیلئے 980 ڈسپلے سنٹرزکام کررہے ہیں؛ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر   باسل اکرم

6

فیصل آباد،  16  جون (اے پی پی): ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون فیصل آباد باسل اکرم نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق عوام کی سہولت کے پیش نظر فیصل آباد میں ووٹوں کے اندراج ومنتقلی، اخراج اور تصحیح کیلئے 980 ڈسپلے سنٹرزکام کررہے ہیں جہاں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے اہل افراد اپنے ووٹ کے اندراج ومنتقلی،اخراج اور تصحیح کیلئے فارم حاصل اور کوائف کا اندراج کرکے واپس جمع کراسکتے ہیں۔

جمعرات کو اے پی پی سے بات چیت کے دوران باسل اکرم نے بتایاکہ یہ الیکشن کمیشن کا فرسٹ فیز ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن کی ٹیموں نے پورے ضلع فیصل آباد میں ڈور ٹو ڈور ورکنگ کی ہے اور ڈیٹا انٹری کے بعد ڈرافٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے اقدامات جاری کئے  ہیں تاکہ الیکٹورل فہرستیں اپ ٹو ڈیٹ ہو سکیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کی سہولت کیلئے ان کے گھروں کے قریب ترین مذکورہ ڈسپلے سنٹرز کا قیام یقینی بنایا گیا ہے تاکہ وہ سہولت کے ساتھ اپنے ووٹ کے اندراج سمیت اس میں مطلوبہ ردو بدل بھی کروا سکیں۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون فیصل آباد باسل اکرم نے کہاکہ ڈسپلے سنٹرز کی تفصیل الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.govپر بھی موجود ہے لہٰذا شہری اس سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے گھر کے قریب ترین ڈسپلے سنٹر کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد اس سہولت اسے استفادہ کریں تاکہ آئندہ انتخابات میں انہیں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ ووٹ کے اندراج ومنتقلی کیلئے فارم15،اخراج کیلئے فارم 16 اور تصحیح کیلئے فارم 17 استعمال ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ  انہوں نے مختلف ڈسپلے سنٹرز کا معائنہ کرکے ووٹر لسٹوں،موصول شدہ فارمز ودیگر ضروری انتظامات کابھی جائزہ لیاہے۔

انہوں نے جملہ انتظامات پر اطمینان کا اظہار اور سنٹر انچارجز کو ہدایت کی کہ روزانہ صبح وشام مساجد میں ووٹرلسٹوں میں اندراج کے حوالے سے اعلانات کرائیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈسپلے سنٹرز 19 جون تک کھلے رہیں گے لہٰذا عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے ووٹ کے درست اندراج ومنتقلی،اخراج اور تصحیح کرائیں۔