مسلم لیگ (ن)کا بنیادی مقصد ملک میں اعلی تعلیم کا فروغ ہے ؛ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن

14

لاہور، 16جون(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو تعلیم پر خصوصی توجہ دیتی ہیں، مسلم لیگ (ن)کا بنیادی مقصد ملک میں اعلی تعلیم کا فروغ ہے جسے عملی جامہ پہنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا ا ظہار  انہوں نے   وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد خان سے گفتگو  میں کیا ،جنہوں نے جمعرات کو یہاں  گورنر ہائوس  میں ان سے  ملاقا ت کی۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ   مسلم لیگ نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اعلیٰ تعلیم کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے۔انہوں نے کہا کہ چولستان یونیورسٹی مسلم لیگ (ن) کے سابق دور میں قائم کی گئی لیکن بدقسمتی سے پچھلی حکومت نے عوامی فلاح کے اس منصوبے پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انشااللہ حکومت دوبار یونیورسٹی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ چولستان یونیورسٹی علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے علاوہ لائیو سٹاک میں ریسرچ اور میٹ ایکسپورٹ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے وائس چانسلر کو ہدایت دی کہ یونیورسٹی میں ٹریننگ اور ریسرچ پر خصوصی توجہ دی جائے۔

  اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد خان نے گورنر پنجاب کو سلاٹر ہاؤس اور کیمل ریسرچ سینٹر کے منصوبے کے بارے میںبریفنگ دی۔ وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی نے بریفنگ میںیہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی پچھلے ڈیڑھ سال سے زیرو فنڈنگ سے چل رہی ہے جو کہ قابل تشویش امر ہے ۔ انہوں نے طلبہ کے لیے ہوسٹلز، بسوں، سوئی گیس اور نہری پانی کی عدم دستیابی کے بارے میں بھی گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا ۔