اسلام آباد، 18 جون (اے پی پی ): وزیر مملکت برائے خارجہ امور حناربانی کھر نے کہا ہے فیٹف نے ٹیکنیکل ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو کسی بھی ملک کو گرے لسٹ سے نکالنے کے طریقہ کار کا حصہ ہے۔
ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام 7 ایکشن پلانز کو وقت سے پہلے مکمل کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کی کوششوں کو تسلیم کیا اور سراہا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیکنیکل ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیٹف حکام سے رابطے میں ہیں ،امید ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکل جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، مگر ریاست نے جو کام کیا وہ قابل تعریف ہے۔











