جلالپور پیروالا ،19 جون (اے پی پی ):بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے انچارج اے ڈی بشیر احمد ملک کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مستحق افراد کو فیول سبسڈی کی مد میں رقم 2 ہزار روپے ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے گئے ہیں جو کہ سوموار کے دن 20 جون سے ملنا شروع ہو جائیں گے اور 30 جون تک کارآمد رہیں گے۔
اس حوالے سے انچارج اے ڈی بشیر احمد ملک کی زیر صدارت تمام ریٹیلرز کا اجلاس ہوا ، جس دوران ہدایت جاری کی گئی کہ ہر ممکن کوششوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام مستحق افراد کو فیول سبسڈی کی رقم شفاف طریقے سے اور وقت پر ادا کی جائے۔ انہوں نے تمام دکاندار حضرات کو یہ بھی ہدایت کی کہ گرمی کی شدید لہر کے باعث اپنی دکانوں پر ٹھنڈے پانی اور چھاؤں کا انتظام یقینی بنائیں، جن مستحق خواتین کو امدادی رقم نہیں ملی وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر 786 پر ایس ایم ایس کریں تاکہ ان کی اہلیت کی تصدیق کے بعد ان کو بھی امداد کی رقم دی جاسکے ۔