لاہور 19 جون ( اے پی پی ): وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبد الشکور نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں ہم نے حج میں سبسڈی دی ،سب چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں لیکن حج سستا ہو گیا، متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمینوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، بیت المال کو کرپشن سے پاک کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس میں ڈیٹا سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دور میں حج اخراجات 9 لاکھ سے تجاوز کر گئے تھے جسے موجودہ حکومت ساڑھے چھ لاکھ پر لے آئی ہے، سبسڈی دینے پر وزیراعظم محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔