پشاور، 28 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر اعلٰی تعلیم (پرو چانسلر) کامران بنگش کی زیرصدارت شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل (دیر بالا) کی سینٹ کا گورنر ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مذکورہ یونیورسٹی کے آئندہ مالی سال2022-23 کا سالانہ بجٹ منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔ سینٹ اجلاس کو مذکورہ یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ کی تفصیل اور موجودہ بجٹ صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
سینٹ اجلاس میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کا مالی سال 2022-23 کا خسارے پر مشتمل سالانہ بجٹ اصولی طور پر منظور کر لیا گیا تاہم خسارے کو ختم کرنے کیلئے بجٹ کو ریشنلائز کرنے کی غرض سے محکمہ خزانہ، محکمہ اعلٰی تعلیم، چانسلر آفس اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔کمیٹی بجٹ کی فائنل پوزیشن سے متعلق اپنی رپورٹ چانسلر کو پیش کرے گی۔
اراکین سینٹ نے یونیورسٹی کو مالی وسائل میں اضافہ اور بجٹ خسارے کو کم کرنے کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔یونیورسٹی کو آئندہ بھرتیاں سی پی فنڈ کے تحت کرنے، بجٹ میں KPIs شامل کرنے اور فنانشل ریسورس ڈیولیپمنٹ پلان بھی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں مذکورہ یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ میں رکن کی تعیناتی سے متعلق گورنر انسپکشن ٹیم کی انکوائری رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں سابقہ وائس چانسلر سے تحریری وضاحت طلب کرنیکا فیصلہ کیا گیا
صوبائی وزیر اعلٰی تعلیم کامران بنگش نے اخراجات کو کنٹرول کرنے اور اپنے وسائل میں اضافہ کرنے کیلئے یونیورسٹی کے اقدامات کو سراہا۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد شہاب، چئیرمین گورنر انسپکشن ٹیم احمد حسن، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر سیف الاسلام، محکمہ اعلٰی تعلیم،محکمہ خزانہ،محکمہ اسٹیبلشمنٹ اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے نمائندوں سمیت سینٹ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔