تمام تر مالی مشکلات کے باوجود آزادکشمیر کے بجٹ پر کٹ نہیں لگائیں گے، ترقیاتی بجٹ پورا دیں گے؛وفاقی وزیر احسن اقبال

6

اسلام آباد،28 جون(اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام تر مالی مشکلات کے باوجود آزادکشمیر کے بجٹ پر کٹ نہیں لگائیں گے، ترقیاتی بجٹ پورا دیں گے جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ پر بھی کٹ نہیں لگائیں گے، کوشش کریں گے کہ آزادکشمیر میں جاری پروجیکٹس کے لئے فنڈز مہیا کرتے رہیں گے اور نئے منصوبہ جات کو بھی سپورٹ دیتے رہے گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایک  ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی طرف سے آزادکشمیر کے دورے کی دعوت بھی قبول کر لی اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں جلد ہی آزادکشمیر کا تفصیلی دورہ کریں گے اور پروجیکٹس چلانے کے لئے موقع پر ہی فیصلے کیے جائیں گے۔

 اس سے قبل صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کو آزادکشمیر کی مالی مشکلات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر پر خصوصی توجہ دئیے جانے کی ضرورت ہے تاکہ جاری پروجیکٹس بھی چلتے رہیں اور نئے منصوبوں پر بھی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کا عمل جاری رہے۔