اوکاڑہ،30جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی اقدامات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ویکٹر سر ویلینس اور انسداد ڈینگی ایس او پیز پر سو فیصد عمل در آمد سب سے موثرحکمت عملی ہے جس کو ہر صورت میں اختیار کیا جا رہا ہے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی ٹیمیں فیلڈ میں ویکٹر سرویلینس کا کام انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے سر انجام دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کے سرکاری دفاتر کے انسداد ڈینگی کے لئے فوکل پرسن اور انسداد ڈینگی کمیٹی کے شرکاء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں تمام وفاقی و صوبائی محکموں کے سربراہان اور انسداد ڈینگی فوکل پرسنز نے شرکت کی ۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اخترحسین اور ڈسٹرکٹ اینٹامالوجسٹ ڈاکٹرمحمداقبال نےضلع میں ویکٹر سرویلینس انسدادڈینگی اقدامات اور سرکاری دفاتر کی جانب سے ہاؤس کیپنگ کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ کباڑمارکیٹ، ٹائر شاپس،کاروباری ادارو ں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے جو دکاندار انسداد کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کریں ان کے خلاف قانونی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمات بھی درج کروائے جائیں جبکہ سرکاری افسران اپنے زیر انتظام دفاتر میں صفائی ستھرائی پرخصوصی توجہ دیں اور ذاتی طور پر ہاؤس کیپنگ کے کام کی نگرانی کریں۔
ڈپٹی کمشنرزاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ بارشوں کے دنوں میں انسداد ڈینگی اقدامات کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے کیونکہ مچھروں کے لاروہ کو پنپنے کے لئے بارش کے پانی کی صورت میں جگہ دستیاب ہوتی ہے جس کے لئے ہمیں مزید احتیاط اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہے، انسداد ڈینگی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ، خطیب،امام مسجد، نمبردار،صحافیوں،وکلاء سمیت معاشرہ کے صاحب الرائے لوگوں کو انسداد ڈینگی مہم میں شامل کرنے کے لئے متعلقہ ادارے اقدامات کریں تاکہ ہم لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ڈینگی وائرس سے بچا سکیں۔











