تمام سیاسی پارٹیوں کو چارٹر آف اکانومی پہ دستخط کرنے کی ضرورت ہے؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

3

لاہور ، 2جولائی  (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو چارٹر آف اکانومی پہ دستخط کرنے کی ضرورت ہے۔

 ہفتہ  کو یہاں  مہر کاشف یونس کی قیادت میں  مختلف صنعتوں سے وابستہ صنعت کاروں کے وفد سے ملاقات میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کی فلاح بہبود کے لیے اقدامات اٹھائے۔

وفد نے گورنر پنجاب کو انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بزنس کمیونٹی  ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، زلزلہ ہو یا کورونا وباء بزنس کمیونٹی نے فلاحی کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق دور حکومت میں پروفیشنل ووکیشنل ٹریننگ کے ادارے قائم کیے، ملک میں ترقی اور خوشحالی لانے لے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پہ کام  کیا۔انہوں  نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں میں تسلسل نہ ہو تو انڈسٹری ترقی نہیں کر سکتی، ملک و قوم کے مفاد میں پچھلی حکومت کی اچھی پالیسیوں کو آگے بڑھانا چاہیئے جبکہ  ٹیکسٹائل سیکٹر ایکسپورٹ کے لحاظ سے ملک کی بہت اہم انڈسٹری ہے۔

وفد کے سربراہ مہر کاشف نے کہا کہ حکومت کاروبار سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کرے۔ ایڈوائزر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر وقار چوہدری  نے کہا کہ انڈسٹری کو مضبوط بنانے کے لیے ووکیشنل ٹریننگ اداروں کو فروغ دیا جائے۔وفد نے گورنر پنجاب کو کنسٹرکشن انڈسٹری پہ ٹیکس، بجلی کی بلنگ سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔

  گورنر پنجاب نے وفد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سفارشات متعلقہ حلقوں تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

وفد میں ایڈوائزر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر وقار چوہدری ، کمال میاں، فیصل، اسد عطا اور خرم گلزار اور دیگر شامل تھے۔