لاہور، 03 جولائی (اے پی پی ): وزیراعظم شہباز شریف نے بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ انھیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے رپورٹ فوری پیش کی جائے جس میں لوڈشیڈنگ کی وجوہات واضح طور پر بتائی جایئں۔
وزیر اعظم محمّد شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور توانائی کے بحران پر قابو پانے سے متعلق اتوار کو یہاں اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں ملک میں جاری بجلی کے بحران کو حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ صوبوں کو پینے کے پانی اور زرعی سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس سلسلے میں ارسا صوبوں کے ساتھ باہمی مشاورت اور آزادی کے ساتھ فیصلہ کرے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ،وفاقی وزیر برائے توانائی انجنئیر خرّم دستگیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی براے پبلک پالیسی/اسٹریٹجک کمیونیکیشنز فہد حسین نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی ۔ اسکے علاوہ متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں موجود تھے ۔











