عید الاضحیٰ کی آمد آمد، جڑواں شہروں میں  مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں سج گئیں ، لوگ من پسند اور سستے جانور خریدنے میں مصروف

10

اسلام آباد ، 08 جولائی (اے پی پی ): عید الاضحیٰ کی آمد آمد ، پورے ملک کی طرح جڑواں شہروں میں بھی مختلف مقامات پر مویشی منڈیوں کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔اس سلسلے میں   لوگوں کی بڑی تعداد سنت ابراہیمی کی پیروی کے لیے من پسند اور سستے جانوروں کی تلاش میں منڈیوں کا رخ کر چکے ہیں ،ان منڈیوں میں کہیں بکرے اپنی اونچی ڈیمانڈ پر نازاں ہیں  تو کہیں بیل اور اونٹ سجے کھڑے خریداروں خصوصاً بچوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں ۔انہی منڈیوں میں جانوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سجاوٹ کی اشیاء اور قربانی کی لیے اوزاروں کی دکانیں بھی سج چکی ہیں ۔

جوں جوں عید کے دن قریب آرہے ہیں خریداروں کا جوش و خروش میں بڑھتا چلا جا رہا ہے۔یہاں ایک طرف شہری جانوروں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں پر حیران و پریشاں ہیں تو دوسری طرف بچے اپنے من پسند جانوروں کی خریداری کے لیے پرجوش ہیں ۔

اس کے علاوہ جو لوگ مہنگائی اور بیوپاریوں سے جنگ جیت کر جانوروں کی خریداری کا معرکہ سر کر چکے ہیں وہ انہیں سجانے سنوارنے میں مصروف ہیں۔گلی محلوں میں بھی جگہ جگہ قربانی کی یہ جانور اور ان کے ساتھ کھیلنے میں مصروف بچے الگ رونق لگائے ہوئے ہیں اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر یہی جوش و خروش عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیتا ہے۔