مری، 12 جولائی (اےپی پی): چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نےعید کے تیسرے روز ملکہ کوہسار مری کا دورہ کیا۔ پولیس اور انتظامیہ کے سربراہان نے مری میں عید کی چھٹیوں میں سیاحوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پرچیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ پوری طرح تیار رہے۔
آئی جی پنجاب نے مری میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے ٹریفک وارڈنز اور ٹوارزم پولیس کے جوانوں کو شاباش دی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی سہولت اور راہنمائی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
کمشنر راولپنڈی نوراالامین مینگل نے کہا کہ مری میں آنے والے سیاحوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اوور چارجنگ، نوسربازوں اور پارکنگ مافیا کے خلاف مقامی تاجروں سے مل کر بہترین حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔
سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی شٹل سروس چلائی گئی ہے، راہنمائی کے لیے ٹوارزم ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔