ملتان، 13جولائی (اے پی پی):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عید صفائی آپریشن کے بعد ٹریٹمنٹ کا عمل بھی مکمل کر لیاہے، کمپنی کے عارضی سٹوریج پوائنٹس اور لینڈ فل سائیٹ پر انتہائی ماحول دوست اقدامات کئے گئے ہیں۔ٹریٹمنٹ اور ڈس انفکشن کا عمل منگل کی رات گئے تک جاری رہا۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی امیرحسن نے مختلف پوائنٹس کا دورہ کیا اور ٹریٹمنٹ اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ٹریٹمنٹ اور ڈس انفکیشن کے لئے تمام ایس او پیز پر عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں آلائشوں کے لئے قائم 16 عارضی سٹوریج پوائنٹس پر بھاری مقدار میں فینائل اور چونا ڈال دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آلائشوں کے لئے استعمال کئے گئے کنٹینرز کے اطراف میں بھی سلیوشن اپلائی کردیا گیا ہے۔
امیرحسن نے بتایا کہ لینڈ فل سائیٹ سائیٹس پر آلودگی کنٹرول کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں اور آلائشوں کے لئے کھودی گئی خندقوں پر چونا ڈال کر بلڈوزر کے لئے مٹی کی موٹی تہہ چڑھا دی گئی ہے،اس طرح کیمیکل عمل کے ذریعے تمام ویسٹ تحلیل ہوجائے گا۔