مظفرگڑھ؛صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات کیلئے سیکیورٹی پلان جاری،2800 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے

10

مظفرگڑھ، 16 جولائی(اے پی پی): ضلعی پولیس نے مظفرگڑھ کی تحصیلوں جتوئی اور علی پور میں 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن حلقہ پی پی 272 اور پی پی 273 کےلئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق ولائت  نے کہا کہ ضمنی الکیشن میں 2800 سے زائد پولیس افسران،اہلکاران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حلقہ پی پی 272 اور 273 کے 281 پولنگ اسٹیشنز کو کیٹیگری اے،بی اور سی میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر حلقہ کو 6 زونز  12 سیکٹرز اور 61 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر زون کا انچارج ڈی ایس پی سیکٹر کا انسپکٹر اور سب سیکٹر کا انچارج سب انسپکٹر کو مقرر کیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے کہا کہ انتخابی حلقوں میں سکیورٹی کے لئے 09 ایلیٹ فورس ٹیمز علیحدہ سے ڈیوٹی سر انجام دیں گی۔ایلیٹ ٹیمز کی موومنٹ کی نگرانی بذریعہ ٹریکر کنٹرول روم سے کی جائے گی اور کسی بھی ناگہانی صورت حال میں 10 ریزرو ہائے الرٹ رہیں گی۔انہوں نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا یے۔تھانہ شہر سلطان اور دفتر ڈی ایس پی علی پور میں بھی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے مزید کہا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو حق رائے دہی کے استعمال میں مکمل آزادی اور بھرپور تحفظ دیا جائے گا، عوام سے گزارش ہے کہ پرامن رہیں اور آزادی سے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔