ملتان؛موٹروے  پر جدید آئی ٹی ایس سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کی سپیڈ چیکنگ ،متعدد گاڑیوں کو جرمانہ

24

ملتان، 21 جولائی (اے پی پی):اوور سپیڈ کرنے والی اور بغیر فٹنس والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،  موٹروے سنٹرل 2 زون سیکٹر ملتان پر پاکستان کے جدید آئی ٹی ایس سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کی سپیڈ چیکنگ کی جا رہی ہے، اورسپیڈ کرنے والی گاڑیوں کو جرمانہ کیا جا رہا ہے۔

سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل ہمراہ ڈی ایس پی بیٹ 23 چوہدری مسرور علی، ریڈر ٹو سیکٹر کمانڈر انتظار مہدی، پی آر او سیکٹر حسان ملک نے ٹال پلازہ پر اوورسپیڈنگ سے متعلق  گاڑیوں کو چیک کیا اور روڈ یوزرز کو بریفنگ بھی دی۔ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بتایا کہ اوورسپیڈ کرنے والی اور بغیر فٹنس والی گاڑیاں نہ صرف اپنی بلکہ دوسرے روڈ یوزر کی زندگی کو بھی داؤ پر لگا دیتی ہیں جو کہ نہایت خطرناک ہیں اور کسی بھی غیر معمولی حادثہ کا باعث بن سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹال پلازہ جات پر بریفنگ آفیسر تعینات کیے گئے ہیں تاکہ وہ موٹروے پر آنے والی تمام گاڑیوں کو چیک اور بریف کریں۔

سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے مزید بتایا کہ موٹروے یا ہائی وے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن “130” یا اسمارٹ فون ایپلی کیشن “ہمسفر ایپ” سے مدد لی جا سکتی ہے۔