اسلام آباد،21جولائی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پہلا الیکشن ایسا ہوا جس پر کوئی دھاندلی کا الزام نہیں لگا سکتا، ہمارے بیانیے کی جیت ہوئی اور ووٹ کو عزت ملی ہے ۔
وہ جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پنجا ب میں 20 سیٹیوں میں سے 7 سیٹوں پر ہمارے امیدوار ہی نہیں تھے ، 2018 کے الیکشن کے بعد ان ضمنی الیکشن میں 2 لاکھ ووٹ زائد لئے ہیں ، ان ضمنی الیکشن میں ان 20 سیٹوں میں سے 5 سیٹیں ہم حاصل کرنے میں کامیاب رہے ، مریم نواز کے بھرپور جلسوں کی بدولت پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنی شناخت بنائی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان ضمنی الیکشن میں ہم نے اپنی پوزیشن پہلے سے بہتر کی ہے ، ہمارے ووٹ اور سیٹیں بڑھیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ووٹوں کی خریدو فروخت کےلئے ہوائی جہاز اڑائے گئے اور لوگوں کے گلے میں پٹے پہنائے گئے اور اسکے بعد کہا گیا کہ پرویز الہی پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے ،اب اس ڈاکو کوپی ٹی آئی حکومت دے رہی ہے ،اپنے 178 اراکین کو فروخت کیا جارہا ہے ۔