کراچی،22جولائی (اے پی پی):سینئر ایڈوائزر اور وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے علاقائی دفتر کراچی کے انچارج سید انوار حیدر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پر زور دیا ہے کہ وہ یونیورسٹیوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے مزید موثر کردار ادا کرے تاکہ دنیا بھر میں پاکستانی طلباء تعلیم اور روزگار کے مواقع سے مشکلات کا سامنا کئے بغیر استفادہ کر سکیں۔
سید انوار حیدر نے جمعہ کو یہاں ایچ ای سی کے علاقائی مرکز کراچی کے دورے کے دوران ملک میں بڑے پیمانے پر معیارات کو پس پشت ڈال کر اعلی تعلیمی اداروں کے قیام کے سدباب کی ضرورت پر زور دیا اور ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ وہ ان یونیورسٹیوں اور ان سے منسلک اداروں کے خلاف کارروائی کرے جن میں معیاری سہولیات کا فقدان ہے اور وہ کم سے کم معیارات سے پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ نجی شعبے کی کچھ یونیورسٹیوں نے ایچ ای سی کی منظوری اور طے شدہ معیارات کی تکمیل کے بغیراپنے کیمپس قائم کئے تھے جس کے نتیجے میں 10ہزار سے زائد طلبا کو مشکلات اور پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے اس سلسلے میں اعلی عدالتوں سے رجوع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو بھی یونیورسٹیوں کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جن کا بغور جائزہ لیا گیا اور شکایت کنندگان کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مناسب اقدامات کئے گئے۔
سید انوار حیدر نے پاکستان میں اعلی تعلیم کے فروغ،جامعات کے لیے عالمی معیار قائم کرنے اور اسے برقرار رکھنے اور انڈر گریجویٹ سے لے کر پوسٹ ڈاکٹریٹ کی سطح تک طلبا کو تصدیق اور دیگر اہم سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کے لیے ایچ ای سی کے کردار کو سراہا۔
علاقائی دفتر کراچی کے انچارج سید انوار حیدر نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ (ایف او ایس)متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کر رہا ہے ، سیکرٹریٹ کے ملک کے تمام بڑے شہروں میں دفاتر ہیں جن سے سالانہ ایک لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف کراچی میں ایف او ایس کے علاقائی دفاتر کو ہر سال 15000 سے زیادہ شکایات موصول ہوتی ہیں اور ان کا ازالہ کیا جاتا ہے۔
ڈائریکٹر ایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی جاوید علی میمن نے سینئر مشیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایچ ای سی پاکستان میں اعلی تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے وژن کے ساتھ کام کر رہا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک (PERN)، آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم اورڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن سمیت متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی اعلی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے یونیورسٹیوں کو گرانٹ اور فنڈز فراہم کر رہا ہے، اس کے ساتھ بنیادی معیارات اور جدید ترین سہولیات کی فراہمی اور یونیورسٹیوں کے ساتھ طلبہ کو رہنمائی بھی فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کی توجہ یونیورسٹیوں کی جانب سے 21ویں صدی کے تقاضوں کو اپنانے پر مرکوزہے ،ایچ ای سی نے COVID-19 کی صورتحال کے دوران ہر یونیورسٹی کو 30 ملین روپے فراہم کئے تھے۔
بعد ازاں سینئر مشیر نے ایچ ای سی کے علاقائی مرکز میں ڈیٹا سینٹر، آئی ٹی لیب، تصدیقی مرکز اور دیگر سہولیات کا دورہ کیا۔ انہوں نے سینٹر میں موجود طلبا اور والدین سے بھی ملاقات کی اور سہولیات اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔