اسلام آباد،23جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں مادر وطن کی بہبود کے لیے بالخصوص اوردنیا بھرکے لئے بالعموم مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، طلبا کواپنی صلاحیتوں کو اس طرح نکھارنا ہے کہ موجودہ دور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں، پاکستان کا آئین ہر شہری کو واضح طور پر پرامن طریقے سے اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ جیسے ذہین اور قابل ذہن ایک مستحکم معاشرے کی تعمیر میں نتیجہ خیز کردار ادا کریں گے، نوجوان قوم کا قابل فخر اثاثہ ہیں جنہیں قوم کی خوشحالی کے لیے اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنا ہوگا ، نمل یونیورسٹی تعلیمی ادارے کے طور پر معیار اور کارکردگی کے پہلے درجے میں آتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمل یونیورسٹی کے اٹھارویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ میرے لیے نہایت خوشی کی بات ہے کہ میں آج اس خوش قسمت موقع پر آپ سے خطاب کر رہا ہوں اور یہ دن طلبا، ان کے قابل فخر والدین اور ان کے معزز اساتذہ کے لیے ایک عظیم لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو مختلف شعبوں میں ڈگریاں حاصل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل سے خطاب کرنے کا یہ عظیم موقع فراہم کرنے پر ریکٹر نمل یونیورسٹی کا مشکور ہوں اور آپ ایک عظیم منزل پر پہنچ گئے ہیں اور کامیابی کی راہ پر ایک اہم سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔زندگی کے حقیقی میدان میں لوگ آپ کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ آپ کے اخلاقی نقطہ نظر کا بھی تنقیدی جائزہ لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کے اساتذہ نے آپ کو تمام چیلنجز کیلئے اچھی طرح سے تیار کیا ہے اور اب یہ آپ کا فرض ہے کہ آپ مادر وطن کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ قوم کی خوشحالی کے لیے آپ کو اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنا ہوگا اور یقین دلاتا ہوں کہ آپ ہماری قوم کا قابل فخر اثاثہ ہیں۔ آج کی دنیا دریافت، تخلیق اور ایک مستقل جدوجہد کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی نے علم کے ہر شعبے میں نمایاں تبدیلیاں لائی ہیں۔ “نالج بینگ” کے دور میں اور خاص طور پر پاکستان جیسے ملک میں یونیورسٹیوں کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمیں مادر وطن کی بہبود کے لیے بالخصوص اور بالعموم دنیا بھر میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں کو اس طرح نکھارنا ہے کہ موجودہ دور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو واضح طور پر پرامن طریقے سے رائے کی آزادی دیتا ہے۔مجھے یقین ہے کہ آپ جیسے ذہین اور قابل نوجوان ذہن ایک مستحکم معاشرے کی تعمیر میں نتیجہ خیز کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملکی ترقی کا ایک اہم ستون ہیں۔نمل یونیورسٹی تعلیمی ادارے کے طور پر معیار اور کارکردگی کے پہلے درجے میں آتی ہے اور آپ کی یونیورسٹی آپ کی مستقبل کی کامیابی کا سنگ بنیاد ہے۔
مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ علم اور تحقیق کی بنیاد پر ہماری قومی ترقی کی بنیاد ڈالی جا سکتی ہے اور نمل یونیورسٹی جیسے عظیم ادارے میں پڑھنا آپ کے لیے باعث فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس خوشی کے دن پر آپ کے اساتذہ بھی ہمارے دلی شکریہ کے مستحق ہیں جو آپ کی زندگی میں کامیابی کے حقیقی منصوبہ ساز ہیں اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کرنے والوں اور گولڈ میڈلسٹس کو خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ یاد رکھیں، یہ اختتام نہیں ہونا چاہیے بلکہ آنے والے دنوں میں ایک روشن مستقبل کا آغاز ہونا چاہیے۔ نمل انتظامیہ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے آج آپ سب کے درمیان ہونے کا موقع فراہم کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کامیاب طلبا میں تعلیمی اسناد اور گولڈ میڈل تقسیم کیے۔ ریکٹر نمل یونیورسٹی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی ریکٹر نمل کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔