اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے جمعرات کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کا مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ میں 50مرتبہ رکاوٹیں ڈالیں، 9رٹ پٹیشنز دائر کی گئیں،8سال میں یہ کیس مکمل نہیں ہوسکا، اب کیس مکمل اور فیصلہ محفوظ ہوچکا ہے تو الیکشن کمیشن کو فیصلے کے اجراء میں کیا رکاوٹ ہے، کیا وجہ ہے کہ محفوظ فیصلہ نہیں سنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، حکومت اور تمام حکومتی اتحاد نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فی الفور سنایا جائے، یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ 350لوگوں اور کمپنیوں نے عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کی ہے،ایسے لوگ بھی ہیں جن کا تعلق بھارت اور اسرائیل سے ہے، پی ٹی آئی کے چار ملازمین کے اکائونٹس میں پیسے آئے ہیں، ان لوگوں کو فوری گرفتار کر کے منی لانڈرنگ کا الگ کیس بنایا جائے۔