اسلام آباد،28جولائی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی ) انجینئر نجیب ہارون نے کہا ہے کہ ملک میں نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں خود انصحاری کی طرف جانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام انجینئرز نیشنل ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر نجیب ہارون نے کہا کہ پی ای سی نے انجینئرز کیلئے انٹرنشپ کا پروگرام شروع کیا ہے، انجینئرز کا بے روزگار ہونا ایک بہت بڑا المیہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ میں پورے ملک کے ینگ انجینئرز کو بلایا گیا ہے، پاکستانی انجینئرز کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، پاکستانی انجینئرز نے اس اعزاز کا دفاع کرنا ہے۔
سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر غلام محمد میمن نے نیشنل انجینئرز ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ملک میں ریسرچ کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے، نوجوانوں میں انٹرپنیورشپ کا فروغ وزارت سائنس کی ترجیح ہے، انٹر پنیورشپ کے ذریعے نوجوانوں کو خود کفیل بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے انجینئرز کا رول اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ کی تجاویز پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی عمل درآمد کروائے گی۔
نیشنل ڈائیلاگ سے پاکستان بھر سے انجینئرز نے شرکت کی اور شرکاءکو اپنے مسائل اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔