لاہور ، جولائی 29(اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود نے جمعہ کے روز یہاں ایکسپو سنٹر جوہر ٹائون میں پاکستان آٹو شو 2022 کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت اور تاجر برادری کو مل کر کام کرنا چاہیے ، آٹو سیکٹر کی ترقی کیلئے پالیسیاں بنائیں گے۔ معیشت کی بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں ۔ انہوں نے آٹو سیکٹر سے وابستہ صنعتکاروں سے کہا کہ حکومت ان کے مسائل حل کرنے کیلئے بھر پور کوشش کرے گی،میری وزارت کے دروازے آپ لوگوں کیلئے کھلے ہیں آپ جب چاہیں میرے پاس آئیں، مسائل حل کرنے کے لیے ہر فورم پر ساتھ جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آٹوشو میں سٹالز دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہمارے ملک میں اس سیکٹر میں بڑا پوٹینشل موجود ہے،آٹو سیکٹر میں نوجوان نسل کا کام دیکھ کر معلوم ہوا کہ یہ سیکٹر خوب پھلے پھولے گا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔چیئرمین انجینئرنگ بورڈ الماس حیدر، صدر لاہور چیمبر آف کامرس نعمان کبیر ، سابق صدر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجم نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی پالیسیاں بناتے وقت سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان آٹو شو میں کاریں، ٹریکٹرز اور موٹرسائیکل بنانے والی کمپنیوں کے علاوہ آٹو پرزہ جات بنانے والی فیکٹریوں نے اپنے سٹالز لگائے۔پاکستان آٹو شو میں ہونڈا، ٹیوٹا اور سوزوکی سمیت دیگر کار بنانے والی کمپنیوں کے سٹالز پر گاڑیوں کے مختلف ماڈلز لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ پاکستان آٹو شو میں اٹلس ہونڈا، ملت ٹریکٹرز،پاکستان کی پہلی الیکٹرک کمرشل وہیکل ایکو دوست، گارڈ فلٹرز کے علاوہ آٹو پارٹس بنانے والی کمپنیوں نے بھی سٹالز لگائے جہاں مہمانوں کو مینو فیکچرنگ کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے عملہ موجود تھا۔