بانی پاکستان کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ملک کی ترقی و خوشحالی ممکن ہے ؛وفاقی وزیر رانا تنویر حسین  

26

کراچی،29جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے بابائے قوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اور  مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے ۔

اس موقع پر گفتگو  کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بابائے قوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے  اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی اداروں کو چاہیے کہ وہ آئین اور قانون کو مقدم رکھیں اور شہریوں کو قانون کی پاسداری کرنی چاہیے۔

 رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تعلیم اور بالخصوص پیشہ ورانہ تعلیم، ہنر کی بنیاد پر تربیت اور معیار کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔