چنیوٹ،29جولائی (اے پی پی):بھارت کی طرف سے دریائے چناب میں چھوڑے جانے سیلابی ریلہ ضلع چنیوٹ کی حدود میں داخل ہو گیا ہے ،اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دریائی علاقوں میں اعلانات شروع کر ا دئیے ہیں اور چنیوٹ میں پانی کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔
سیلاب کی اطلاع دینے والے ضلعی مرکز ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم چنیوٹ کے مطابق جمعہ کی صبح سات بجے چنیوٹ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 91528 کیوسک تھا جو کہ دوپہر 12 بجے 104139 کیوسک،شام 3 بجے 132675 کیوسک اور شام 5 بجے 147710 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔پانی میں ہفتہ کی شام تک اضافہ ہو تا رہے گا، متعدد دیہات زیر آب آگئے ۔
بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں چھوڑا جانے والا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ، ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد سے گزرتا ہوا چنیوٹ پہنچ گیا جس کی وجہ سے چنیوٹ کے دیہاتی علاقے موضع بابو رائے، مل دا جھنڈا، برج مل، ٹھٹہ وروکا،ٹھٹہ لودیا،موضع ساہمل،ٹاہلی منگینی اور موضع سلیمان سمیت درجنوں دیہات میں پانی میں آ گیا اور سینکڑوں ایکٹر پر کھڑی فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔
اس سے قبل بھی دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر تقریبا 90ہزار کیوسک پانی بہہ رہا تھا، بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے سطح مزید بلند ہوئی ہے ،مزید ایک یوم پانی کی سطح مسلسل بلند ہوگی ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے دریائے چناب میں تقریبا ساڑھے تین لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ گزرنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔