لاہور، 30جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ کاروباری برادری ملک کی معیشت میں نہ صرف اہم کردار اد کررہی ہے بلکہ فلاحی کاموں میں بھی کاروباری برادری کی خدمات قابل ذکر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے ہفتہ کویہاں گورنر ہاؤس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صد سالہ گولڈ میڈلز ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں کیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ اتحادی حکومت اقتدار کی کسی خواہش پر قائم نہیں ہوئی بلکہ پاکستان کی معیشت کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے وجود میں آئی اور حکومت محض ایک قومی فریضہ سمجھتے ہوئے سنبھالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خود انحصاری ہماری اصل منزل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معیشت کے بنیادی نکات پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا تاکہ حکومت بدلنے سے معاشی پالیسیاں نہ بدلیں اور نہ ہی کوئی اپنے سیاسی مفاد کی خاطرآئندہ عوام کے معاشی مستقبل سے کھیل سکے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اس موقع پر کاروباری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس غیر معمولی مشکل معاشی حالات میں کئے گئے حکومت کے غیر معمولی اور مشکل فیصلوں کی تائید و حمایت کی ہے ، قابل فخرہے۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے ذمہ داری سنبھالتے ہی کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائے اور آتے ہیDLTLکی مد میں 42ارب روپے ایکسپورٹرز کو ادا کردیئے ہیں جو گزشتہ چار سال سے ادا نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سولر پینلز پر ہر طرح کے ٹیکس کو بھی ختم کردیا ہے تاکہ سولر پینلز امپورٹ ہوسکیں اور تاجر برادری اور عوام کو سہولت مل سکے۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر ، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔اس موقع پر چائنیز قونصل جنرل ژائو شیریں ، فیڈرل منسٹر آف انڈسٹریز سید مرتضی محمود کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں لاہور چیمبر کے سابق صدور اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر کی 100 سالہ گولڈ میڈل ایوارڈ تقریب میں سابق صدور کو گولڈ میڈل دینے کا مقصد ان کی خدمات کو سراہنا ہے جو انہوں نے صنعت و تجارت کے لیے سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نام یعنی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا انتخاب 1960میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ہی پاکستان میں صنعت کے بنیادی انفراسٹرکچر کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، ابتدائی دنوں میں جب ریاست مشکلات سے دوچار تھی تو تاجروں نے ہی ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔
بعد ازاں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق اور سابق صدور کو گولڈ میڈلز دئیے۔











