ہنگو؛محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے گرینڈ جرگے کا انعقاد،علاقائی امن و امان کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور

8

ہنگو،03اگست(اے پی پی): محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے ہنگو ایف سی ریسٹ ہاؤس میں گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹل سکاوٹس کے کمانڈنٹ خرم جاوید ، کرنل علاو دین ، ڈپٹی کمشنر رفیق خان، ڈی پی او ہنگو آصف بہادر خان سمیت شیعہ سنی کے مشران اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی۔

گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس خرم جاوید نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے کو برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پچھلے سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام بہتر اور پر امن طریقے سے گزرے گا۔

 کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس نے مشران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و امان کے لئے مشران کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مشران کو بیرونی ممالک کی سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی دشمن ممالک سے  پاکستان میں امن کی فضاء برداشت نہیں ہوتی اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی طریقے سے پاکستان کو دوبارہ فرقہ ورانہ فسادات کی طرف دکھیلا جائے لیکن  ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے کہ ایسے سازشوں کو ہر صورت ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام کے لئے شرپسندوں کے خلاف جنگ میں عوام کے ساتھ ملکر کامیابی حاصل کی ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی شاید ممکن نہ تھی۔

اس موقع پر شیعہ سنی مشران حسن خان ایڈوکیٹ، ٹکا خان، مولانا یوسف، ظہیر حسین، ملک عرفان،عزت خان،تاجر برادری صدر ظفر ودیگر نے کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس، ڈپٹی کمشنر ہنگو اور ڈی پی او ہنگو کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پچھلے بار کی طرح اس بار بھی ہمارا مکمل تعاون انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہوگا اور ہنگو کے پر امن حالات کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔