بہاولنگر، 4 اگست ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے بھی پودے لگائے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے اس موقع پر کہا کہ پودے ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام اور انسانی بقاء کیلئے انتہائی ضروری ہیں تمام سرکاری محکمے شجرکاری مہم پر خصوصی توجہ دیں، ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کیلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ پودے لگانا ہوں گے، سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ شہری بھی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور انکی نگہداشت ، نگہبانی اور دیکھ بھال بھی کریں۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم کے ذریعے پودے لگا کر ضلع بہاولنگر کے ماحول کو خوبصورت، سرسبز وشاداب اور صاف ستھرا بنانا ہمارا مشن ہے جس کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔