اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی ): یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجا کر ٹریفک کو ایک منٹ کیلئے روک دیا گیا۔ یوم استحصال کے موقع پر ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویڑن سمیت الیکٹرانک میڈیا چینلز پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں کی اہم شاہراہوں پر کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کئے گئے تھے۔