یوم استحصال کشمیر ؛ مری میں تصویری نمائش کا انعقاد،آرٹس کونسل میں دستاویزی فلم دکھائی گئی

5

مری، 05 اگست  (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح مری میں بھی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم ہوئے 3سال مکمل ہونے پر یوم استحصال منایا گیا۔اس سلسلے میں پنجاب آرٹس کونسل مری میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی ایک تصویری نمائش کا انعقاد کیا  جبکہ آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

 اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  مودی حکومت نے آج کے دن مقبوضہ کشمیر کو بھارتی یونین میں شامل کیا تھا جو کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ایک بڑا ظلم تھااور بھارت کے اس بزدلانہ فعل پر عالمی برادری نے اس کی شدید مذمت کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو ان کا قانونی اور آئینی حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ تمام پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے مری آرٹس کونسل  نے  یہ خصوصی پروگرام ترتیب دئیے  جس میں  بھارتی جارحیت اور بربریت  کا پردہ فاش کر دیااورموجود لوگوں کو اشک بار کر دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔