لاہور ، اگست 11(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے ملاقات کی۔
سارہ احمد نے وزیر اعلی چودھری پرویز الہٰی کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے چائلڈ پروٹیکشن بیوروکا کردار خصوصی اہمیت رکھتا ہے – بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو سپورٹ کریں گے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دائرہ کار پنجاب کے ہر ضلع تک بڑھانے کی ضرورت ہے- چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ بچوں پر تشدد اور ان سے بھیک منگوانے والے عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں – ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی وقت کا تقاضا ہے-
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں رہنے والے بچوں کی دیکھ بھال کے ہر ممکن وسائل مہیا کریں گے۔وزیراعلی چودھری پرویز الہٰی نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی کارکردگی کو سراہا ،سارہ احمد نے بچوں سے بھیک منگوانے اور تشدد کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔











