ملتان،12اگست (اے پی پی ):پانچویں ریشم دلان ملتان کانفرنس 3 ستمبر کو ہو گی،ملتان کی پانچ ہزار سالہ ادبی، ثقافتی ،سماجی اور مذہبی تاریخ کو محفوظ کرنے کیلئے ریشم دلان ملتان کانفرنس اب میلہ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔جس میں ملک بھر سے ملتان سے تعلق رکھنے والے نامور اہل قلم شرکت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک نے ملتان ٹی ہاوس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا ملتان ٹی ہاﺅس کے پلیٹ فارم سے 3 ستمبر کو منعقد ہونے والی پانچویں ریشم دلان ملتان کانفرنس کے موقع ملتان ادبی ایوارڈ اجراءکیا جا رہا ہے۔جس کے ساتھ معقول کیش بھی دیا جائے گا۔اجلاس میں جنرل سیکرٹری خالد مسعود خان نے بتایا کہ اگر ہم ملتان ٹی ہاوس کو سولر انرجی پر منتقل کر دیں تو اخراجات میں کمی ہو جائے گی۔ہال میں ملٹی میڈیا، ڈجیٹل سکرین کی اشد ضرورت ہے۔بورڈ رکن زاہد حسین گردیزی نے ملتان ٹی ہاﺅس میں قسور گردیزی لائبریری قائم کرنے کا اعلان کیا۔بورڈ نے ہال چارجز میں اضافے ،ٹی ہاوس کی چھت پر بل بورڈ لگانے کی منظوری دے دی۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ ملتان ٹی ہاﺅس کا ماحول اتنا اچھا ہے کہ قواعد و ضوابط کے تحت اگر فیملیز کے لئے جگہ مختص کر دی جائے تو ٹی ہاوس کی رونق میں اضافہ ہو گا۔جوائنٹ سیکرٹری شاکر حسین شاکر نے بتایا کہ پانچویں ریشم دلان ملتان کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہیں۔اس موقعہ پر حسب روایت ملتان کی تاریخ پر نامور اہل قلم کے لکھے ہوئے مضامین ‘مقالات ملتان ‘نمبر 5 شائع کی جا رہی ہے۔جو کانفرنس کے تمام شرکاءکو تحفے کے طور پر پیش کی جائے گی۔اجلاس میں بورڈز اراکین ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا، بریگیڈیئر (ر)مقصود حسین قریشی، آصف مجید، زاہدحسین گردیزی، رانا اخلاق احمد اے ڈی سی فنانس اور اسٹنٹ کمشنر جنرل ایوب بخاری نے شرکت کی۔











