مری،13 اگست (اے پی پی):75ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پنجاب آرٹس کونسل مری میں ملکہء کوہسار کی نایاب عکسی تصاویر کی ایک نمائش منعقد ہوئی، نمائش کو دیکھنے کے لئے عوام اور شہریوں کے علاوہ سیاح بھی موجود تھے۔ آرٹ گیلری میں نمائش میں پیش کی جانے والی خوبصورت و دیدہ زیب تصاویر کو شرکاء نے بہت پسند کیا۔ قدرتی حسن وجمال سے مزین بعض تصاویر نے دیکھنے والوں کو ورطہء حیرت میں ڈال دیا اورکہا کہ قدرت کا یہ کرشمہ ہے کہ اس وادی کو اتنا حسین و جمیل بنایا ہے۔
نمائش کے افتتاح کے موقع پر شرکاء نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت پاکستان خوبصورت وادیوں ومیدانوں دلکش وجاذب پہاڑوں اور چمکتے دھمکتے بہتے دریاؤں و سمندروں کی سر زمین سے لبریز ہے ایسے میں پاکستان کا جشن ڈائمنڈ جوبلی کی صورت میں منانا پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس تاریخی دن کے موقع پر پوری پاکستانی قوم تمام مل جل کر ملک کی بقاء وسلامتی اور استحکام و ترقی کےلئے ایک آواز بن کر اپنا کردار ادا کریں اور اسی صورت میں ھم قیام پاکستان کے مقاصد کو حقیقی معنوں میں حاصل کر سکیں گے ۔