ملتان؛ موٹروے سنٹرل 2 زون میں جشن آزادی کا دن جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

12

ملتان، 14 اگست (اے پی پی ): نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس سیکٹر-Iموٹروے سنٹرل 2 زون میں جشن آزادی کا دن جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس میں موٹروے پولیس کے افسران و ملازمان، سکول کے بچوں اور ان کے اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ڈی آئی جی شاہد جاوید نے پرچم کشائی سے کیا۔ موٹروے پولیس کے افسران نے پرچم کو سلامی دی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

آزادی کے اِس پُر مُسرّت موقع پر تقریب میں شریک سکول کے بچوں کے ساتھ مل کر 75ویں یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ سکول کے بچوں اور اساتذہ  میں گفٹ ہیمپرز تقسیم کئے گئے اور فلیگ مارچ کیا گیا۔

 جشن آزادی کے سلسلہ میں شیرشاہ ٹال پلازہ پر روڈ سیفٹی سٹال بھی لگایا گیا۔ زونل کمانڈر شاہد جاوید نے آزادی کے موقع پر تمام مسافروں میں بھی جھنڈے اور گفٹ تقسیم کیے اور روڈ سیفٹی کے لحاظ سے بریفنگ دی کہ آزادی کے جشن کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی کے اصولوں کو بھی مد نظر رکھیں۔

سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ  ہمارا تمام پاکستانیوں سے جشنِ آزادی کے موقع پر یہی پیغام ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ موٹر سائیکل  چلاتے وقت ہیلمٹ پہنیں اور ون ویلنگ سے اجتناب کریں تاکہ ہمارا ملک حادثات کی صورت میں ہونے والے ناقابل تلافی نقصانات سے بچ سکے۔