بہتر نظام تعلیم ہی سے معاشرہ ترقی کرسکتا ہے، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پری گل ترین

5

پشین۔16اگست  (اے پی پی):بلوچستان کی پہلی خاتون اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) پری گل ترین نے کہا کہ بہتر نظام تعلیم ہی سے معاشرہ ترقی کرسکتا ہے، مقصد تخلیق انسانی تک رسائی علم ہی کے ذریعے ممکن ہے ،علم ہی کی بدولت انسانوں نے سنگلاخ وادیوں اور زمینوں کو مرغ زاری عطا کی ہے، زمینوں کی تہوں سے لاتعداد معدنیات کے بے انتہاء ذخائر نکالے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں شامل ہونے کیلئے ہمیں تعلیم پر زور دینا ہوگا ہم خوش نصیب ہے جو آزاد ملک میں رہ رہے ہیں پاکستان پیارا ملک ہے اسکی قدر کریں۔یہ بات انہوں نے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی پشین کیمپس میں یوم آزادی کے موقع پر ”The Role Of Women In Nation Building“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے ڈائریکٹر ایس بی کے پشین کیمپس اشرف خان کاکڑ اور میڈم فرزانہ نے بھی خطاب کیا۔تقریب کا آغاز حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران ہیلی کاپٹر میں شہید ہونیوالے آرمی آفیسران کی ایثاء ثواب کیلئے دعاؤں اور فاتحہ خوانی سے ہوا۔دریں اثناء ملٹی میڈیا پر شہید لیفٹنٹ جنرل سرفرار علی کی زندگی پر مبنی مختصر ویڈیو کلپ دکھائی گئی جس کے بعد تقریب کے شرکاء نے شہداء پاک فوج کو خراج عقیدت پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پری گل ترین نے کہا کہ پشین کی یوتھ میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اسلام میں حقوق اور تعلیم نسواں بلکل واضح ہے ہمارے معاشرے میں خواتین کے حقوق پر بات کرنا عیب سمجھا جا تا ہے صوبے کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں خواتین کو نوکرانی کی نظر سے دیکھا جاتا ہے آخر تعلیم انکا بھی حق ہے ہم کیوں انہیں انکا حق نہیں دیتے۔