گلگت،17اگست(اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کیریئر فیسٹ 2022کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روشن مستقبل کے انتخاب میں گلگت بلتستان میں جاری کیریئر فیسٹ انتہائی معاون ثابت ہوگا۔ روشن مستقبل کیلئے خواب دیکھنا اور اس کی تعبیر کیلئے جدوجہد کرنا لازمی ہے۔ کامیاب زندگی اور مقصد میں کامیابی کیلئے نظم و ضبط کا ہونا بھی لازمی ہے۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہاکہ روایتی نظام تعلیم کو بدل رہے ہیں۔ سرکاری سکولوں میں 144کمپیوٹر لیب قائم کئے ہیں۔ صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب اور لائبریریز قائم کریں گے۔ ڈگری کالجز اورکالجز میں ورچوئل یونیورسٹی لیب بنارہے ہیں۔ سکولوں میں قائم کمپیوٹر لیب کو ورچوئل یونیورسٹی سے منسلک کیا جائے گا۔ گلگت میں میڈیکل کالج کے کلاسوں کا جلد آغاز ہوگا۔ بلتستان میں بھی پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔ بی ایس این نرسنگ کلاسز شروع کرنے کیلئے وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی سے بات کی ہے بہت جلد قراقرم یونیورسٹی میں بی ایس این نرسنگ کلاسز شروع کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ 15 سالوں میں گلگت بلتستان کو تمام صوبوں کیلئے رول ماڈل صوبہ بنائیں گے۔