صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ کا پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم کا دورہ، کیمروں کے ذریعے  ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے سسٹم کا جائزہ

49

لاہور، 17 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

صوبائی وزیر کو پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ورکنگ، سسٹم اور تمام 6 پراجیکٹس کے متعلق تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ مینجنگ ڈائریکٹر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی مرزا نصیر عنایت نے صوبائی وزیر کو بریفننگ میں بتایا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے زیر انتظام فی الوقت 6 پراجیکٹس لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین، لاہور میٹرو بس سسٹم، پاکستان میٹرو بس سسٹم، ملتان میٹرو بس سسٹم، لاہور فیڈر روٹ سسٹم فیز ون، ملتان فیڈر روٹ سسٹم فیز ون چلائے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں جنرل مینجر اپریشنز، مینجر آپریشنز ٹیکنیکل، سیکرٹری ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ کو جلد از جلد تشکیل دیا جائے تاکہ او ایل ایم ٹی سے متعلق تمام اہم فیصلے بروقت کئے جا سکیں۔  پرانے بورڈ کو جلد ڈی نوٹی فائی کر دیا جائے گا۔  صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے ادارے کو درپیش تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ تمام ملازمین کو محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔  انہوں نے وہاں کیمروں کے ذریعے  ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے سسٹم کا جائزہ لیا۔  صوبائی وزیر نے اتھارٹی کے کام کو سراہا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔