ملتان،18اگست (اے پی پی):مون سون بارشوں کی وجہ سے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو صفائی آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔آپریشنل شعبہ کے مانیٹرنگ افسران نے کمپنی ورکرز کو ویسٹ کلیکشن پر فوکس کرنے کی ہدایت کی ہے اور انہیں واسا کی جانب سے سڑکوں پر ڈالا گیا مین ہولزکا ڈیسلٹنگ میٹیریل اٹھانے کا ٹاسک دیا ہے۔ کمپنی ورکرز جمعرات کو علی چوک، باواصفرا روڈ اور غلام محمد آباد میں ڈیسلٹنگ میٹیریل کے ڈھیر اٹھانے میں مصروف رہے۔دوسری طرف آڑھتیوں، بیوپاریوں اور دکانداروں کی مشکلات کے پیش نظر فروٹ و سبزی منڈی میں سڑکوں کو کیچڑ گارے سے صاف کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ بارش کے پانی کی نکاسی کے راستوں کو خصوصی طور پر صاف کرنے کا کام بھی جاری ہے اور سڑکوں پر جمع ہوجانیوالے پانی سے شاپر اور کچرا سمیٹا جارہا ہے۔سڑکوں کے ڈیوائیڈرز اور فٹ پاتھ کے ساتھ سکریپنگ کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ کمپنی کے سپیشل صفائی اسکواڈ کو شہر کے داخلے راستوں کی صفائی کا ٹارگٹ دے دیا گیا ہے۔سپیشل صفائی اسکواڈ نے بوسن روڈ اور ائر پورٹ روڈ کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ شجاع آباد روڈ کی صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے۔