بہاولنگر،20اگست(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر نے ضلعی ہیڈ کواٹر ہسپتال بہاولنگر میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا آغاز کردیا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا ہے والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین پلوائیں اور 22اگست سے 26اگست کے دوران انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عامر رضا، دی ایچ او ہیلتھ محکمہ صحت کے افسران ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اور متعلقہ محکموں کےافسران موجود تھے۔
واضح رہے کہ 22 اگست سے 26 اگست کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی 25اور26 اگست تک کی جائے گی۔انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے پانچ لاکھ اناسی ہزار پانچ سو تینتیس (579533) بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین دی جائے گی، اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2786 ٹیمیں فرائض سر انجام دیں گی جن میں 136فکس ، 2562موبائل اور 88ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔











