فیصل آباد؛ 7 روزہ انسدادپولیو مہم کا افتتاح،تقریباً 15لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے

5

فیصل آباد،20اگست(اے پی پی):فیصل آباد میں 7 روزہ انسدادپولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلاکر 22 اگست سے شروع ہونے والی مہم کا افتتاح کیا،مہم 28اگست تک جاری رہے گی جس میں پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً 15لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 4869 ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،والدین ذمہ داری کا ثبوت دے کر تعاون جاری رکھیں اورپانچ سال تک کی عمر کے بچوں کوپولیوکے قطرے پلوائیں تاکہ ملک کو صحت مند مستقبل دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے دوقطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچاؤ کا باعث ہیں لہٰذا والدین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے کہا کہ مائیکرو پلان پر ذمہ داری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے جس میں معمولی سی بھی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ مہم سات روز پر محیط ہوگی۔انہوں نے گھر گھر جانے والی پولیو ٹیموں سے تعاون پر بھی زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ ہوگی اور سوفیصد اہداف کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو مہم کی کامیابی کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی تاکید کی۔

اس موقع پر سی ای اوڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹرشعیب الرحمن،ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حافظ مختار رندھاوااور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجودتھے۔