چنیوٹ، 20 اگست ( اےپی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس،پنجاب کے احکامات کے مطابق پولیس افسران و جوانوں کی ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں۔دوران سروس انتقال کرنے والے پولیس اہلکاروں کی بیواؤں میں گزارہ الاؤنس کے چیک تقسیم کرنے کیلئے ڈی پی او دفتر چنیوٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ اسدالرحمن نے پولیس اہلکاروں کی فیملیز سے ملاقات کی،خیریت دریافت کی۔ڈی پی او نے فیملیز کو محکمہ پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ڈی پی او نے دوران سروس وفات پانے والے پولیس اہلکاروں کی بیواؤں میں 8لاکھ روپے سے زائد مالیت کے چیک پیش کئے۔اس موقع پر ڈی پی او اسدالرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء،دوران سروس وفات پانے والے پولیس افسران و جوانوں کی فیملیز کا پوری طرح خیال رکھا جارہا ہے۔ان کا دکھ سکھ ہمارا دکھ سکھ ہے۔انکی ویلفیئرکیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔شہداء کی فیملیزکسی بھی مسئلے،پریشانی کی صورت میں میرے دفتر تشریف لاسکتی ہیں۔