نارووال ، 22اگست (اے پی پی):پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں دیگراضلاع کی طرح ضلع نارووال میں بھی ڈینگی ویک کاآغازکردیاگیا ہے ۔محکمہ صحت کے زیراہتمام انسدادڈینگی کے حوالے سے ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنرشاہدفریدنے کی ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنرنارووال شاہدفریدنے کہا کہ ڈینگی ویک منانے کامقصد عوام میں ڈینگی کےخاتمے کے حوالے سے آگاہی پیداکرناہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ویک کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزسے لے کریونین کونسلزکی سطح پرڈینگی سرویلنس کادائرہ کاروسیع کیاجائے گا،تمام دفتر،مکانات،پارکس،قبرستان،نرسریزودیگرمقامات کی چیکنگ کی جائے گی۔ اس حوالے سے میونسپل کمیٹیزاور محکمہ صحت کی طرف سے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنرنارووال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی ویک کوکامیاب بنانے کے لیے عملی طورپر کام کریں اور اپنے گھروں کی صفائی پرخصوصی توجہ دیں اور کسی جگہ پانی کھڑانہ ہونے دیں اور احتیاطی تدابیر پر سوفیصد عمل درآمدکویقینی بنائیں۔
قبل ازیں کمیٹی روم میں ڈپٹی کمشنرنارووال نےخصوصی اجلاس کے دوران انسداد ڈینگی کے حوالے سے تمام تر محکموں کو پلانز دیتے ہوئےانسداد ڈینگی مہم کے دوران پوری دلجمی سے کام کرنے اور نارووال کو ڈینگی فری بنانے کی بابت ہدایات جاری کیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزمحمدحنیف،جویریہ مقبول کے علاوہ ہیلتھ، ایجوکیشن، ہائرایجوکیشن، انفارمیشن، زراعت، لائیوسٹاک، ماحولیات، سول ڈیفنس، ریسکیو1122، میونسپل کمیٹی،پاپولیشن ودیگرمحکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔











