ہرنائی ، 23 اگست (اے پی پی ): ہرنائی گردونواح میں ایک دن کے وقفے کے بعد گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئےہیں ،سروتی حفاظتی بند میں شگاف پڑھنے کی وجہ سے ہرنائی شہر اور مختلف دیہات سیلاب کی زد میں ہیں۔
بارش اور سیلاب کے باعث ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے جبکہ دور دراز دیہی علاقوں کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے بھی زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے خوردنی اور دیگر گھریلوں اشیاء کی شدید قلت ہے۔
کچے مکانات مہندم ہونے کی وجہ سے لوگ کھلے آسمان تلے پڑے ہوئے ہیں،بارش سے بچاؤ کےلئے پلاسٹک کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ سو روپے فی میٹر پلاسٹک کی قیمتوں میں اضافہ گیا ہے اور فی میٹر پلاسٹک پانچ سو روپے تک فروخت ہورہاہے۔