ملتان ؛ آر پی او رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت گلگشت ڈویژن کی کرائم میٹنگ، منشیات اور جرائم کی بے قابو صورتحال پر اظہار برہمی

26

ملتان، 23 اگست (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت   گلگشت ڈویژن  کے  حوالے  سے   کرائم میٹنگ منعقد ہوئی  ،جس دوران  گلگشت ڈویژن میں منشیات اور جرائم کی بے قابو صورتحال پر اظہار برہمی کیا  گیا۔گلگشت ڈویژن کے تمام ایس ڈی پی اوز کو وضاحتی لیٹر اور ایس ایچ اوز کو اظہار وجوعہ کے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں اور آئس اور منشیات کو ختم کرنے کیلئے ایک مہینہ کی مہلت دے دی ہے۔

 ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے کہا کہ جس تھانہ کے علاقہ میں منشیات بکتی نظر آئی  اس ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی جائیگی ، کرائم کی فری رجسٹریشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کرائم بر خلاف مال کے مجرمان کو فی الفور گرفتار کریں اور اشتہاری و مفرور مجرمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جبکہ اغوا، قتل ،ڈکیتی او زنا با لجبر کے مقدمات کو بروقت یکسو کریں ۔

ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے مزید کہا کہ  عدالتوں میں چلنے والے مقدمات کی مکمل پیروی کریں ، عادی مجرمان جو ضمانتوں پر باہر آ جاتے ہیں انکی ضمانتیں کینسل کروائیں ۔اس کے علاوہ  پیروی آفیسر اور نائب کورٹ کیسوں کے متعلق افسران کو بریف کریں۔

اجلاس میں  ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز سمیت سٹی پولیس آفیسر ملتان خرم شہزاد حیدر اور ایس پی گلگشت قاضی علی رضا بھی شریک ہوئے۔